حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور مرکزی محرم کمیٹی کے سربراہ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ھے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے وہی مقاصد و اھداف ہیں جو کربلا میں شہداء کربلا کے اھداف تھے اسلام کی سربلندی اور بقا کے لئے نواسہ رسول ص نے اتنی بڑی قربانی دے کر بتایا کہ اسلام اتنا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہےکہ جنت کے سردار نواسہ رسول حضرت امام حسین ع اس کو بچانے کے لئے اپنی جان،اپنےفرزندان،بھائیوں اور اصحاب کی جانیں قربان کر سکتے ہیں حتی رسول زادیاں اور حضرت علی و زھرا کی بیٹیاں اپنے پردے بھی قربان کر سکتی ہیں تو کربلا سے امت مسلمہ کے ہر فرد کو مظلوم کربلا نے عملی طور پر بہت بڑا پیغام دیا ۔
انھوں نے کہا کہ دنیا کا ہر مسلمان بلکہ ہر حریت پسند اور آزادی خواہ انسان ظلم و ستم کے خلاف اپنی جدوجہد کے لئے امام حسین ع کو رول ماڈل سمجھتا ہے آج کے دور میں بھی تمام مسلمان اپنے انداز میں کربلا والوں کی یاد مناتے ہیں کربلا والوں کی یاد منانا اور عزاداری کرنا ظلم کے خلاف بھرپور احتجاج اور فریاد ہے یہ کسی مذھب و مسلک کے خلاف نہیں بلکہ اتحاد امت کا عظیم پلیٹ فارم ہے-
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ عزاداری اور نواسہ رسول کی یاد منانے میں کسی قسم کی رکاوٹ حسینیت کا راستہ روکنے کے مترادف ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں البتہ عزاداروں اور کربلا کے پیروکاروں کے لئے ہماراپیغام ہےکہ عزاداری بھرپور جوش وخروش سے منائیں کربلا کے شہیدوں کا پیغام پوری قوت سے پہنچائیں مظلوم کربلا کے مقاصد کو اجاگر کریں علمائ کرام،خطبائے عظام اور ذاکرین محترم اس دور کی ضرورت کو درک کرتے ہوئے اور کربلا والوں کی سیرت طیبہ پر چلتے ہوئے امت کو اتحاد،یکجہتی،بیداری اور ظلم و ستم کے خلاف جدوجہد کا پیغام دیں ،دنیا کے تمام مظلوموں خاص کر کربلائ کشمیر و فلسطین میں یزیدان وقت انڈیا و اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم کو مجالس میں بیان کیا جائے۔وطن عزیز پاکستان کے استحکام کے لئے دعائیں کرائی جائیں،اپنی صفوں میں ھماھنگی کو یقینی بنائیں،عزاداری اور تشیع کے روشن چہرے کو دنیا کے سامنے اچھے انداز میں پیش کریں،انشااللہ مولا امام زمان ع کا دست شفقت آپ پر ھوگا اور نصرت غیبی الہی آپ کے شامل حال ہوگی-
مرکزی محرم کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ قائد محترم علامہ ساجد نقوی کی ھدایت پر عزاداری کو اچھے انداز میں بر گذار کرنے اور مشکلات کو حل کرنے کے لئے ہر سطح پر محرم کمیٹیاں بنائی گئی ہیں آپس کی کوآرڈینیشن کو یقینی بناتے ہوئے اچھے اور مثبت انداز میں مشکلات کو حل کرانے کی کوشش کی جائے ہرسطح پر پولیس اور انتظامیہ سے تعاون کیا اور ان سے تعاون لیا جائے تمام عزاداروں، بانیان مجالس مقررین ،ماتمی دستوں اور نوحہ خوانوں سے گذارش ھے کہ ضلع ،صوبہ سے لیکر مرکز تک محرم کمیٹیوں کے اراکین سے رابطے کو یقینی بنایا جائے عزاداری،جلوس و مجالس کے بپا کرنے میں مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے باہمی ربط کو مضبوط بنایا جائے عزاداروں کی خدمت کے لئے کوشش کرنا جدوجہد کرنا ہمارا مشن ہے یہ عبادت کا درجہ رکھتا ھے-جو ھمارا فرض ہے اس فرض کو پورے اخلاص اور جذبہ ایمانی سے نبھایا جائے-
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ھر سطح کی پولیس اور انتظامیہ سے گذارش ہے کہ عزاداروں سے تعاون کو یقینی بنایا جائے عزاداری عبادت ھے اس عبادت کے لئے انتظام کرنا امن و امان کی بہتری کے لئے اقدامات کرنا بھی عبادت کا درجہ رکھتی ہے چاردیواری کے اندر قانون کے دائرے میں رہ کر عزاداری کرنا ہمارا آئینی اور بنیادی انسانی حق ہے اس میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے-